اسلام آباد: جعلی ڈگریوں پر سرکاری نوکری حاصل کرنے والے سی ڈی اے کے 28 ملازمین گرفتار

ملزمان کو قبل از گرفتاری ضمانتیں مسترد ہونے پر گرفتار کیا گیا


ویب ڈیسک March 02, 2026

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جعلی ڈگریوں پر سرکاری نوکری حاصل کرنے والے سی ڈی اے کے 28 ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

ملزمان کو قبل از گرفتاری ضمانتیں مسترد ہونے پر گرفتار کیا گیا، گرفتار ملازمین بی پی ایس 5 سے 14 تک مختلف عہدوں پر تعینات تھے۔

ملزمان کیخلاف جعلی تعلیمی اسناد جمع کرا کے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کا مقدمہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن میں درج ہے، ملزمان پر قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور میرٹ کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق بھرتی کمیٹی اور ویریفکیشن حکام کے کردار کی بھی تحقیقات جاری ہیں، سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

قبل ازیں اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد ہمایوں دلاور نے بوگس دستاویزات بنانے کے کیس میں  سی ڈی اے کے  22 ملازمین کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے 19 ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں خارج کر دیں۔

محمد اسلم ، امجد علی اور محمد نذیر کی ضمانت کی درخواستیں عدالت نے منظور کر لیں، سی ڈی اے ملازمین کے خلاف بوگس سرٹیفیکیشن کی بنیاد پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا۔

مقبول خبریں