کراچی: تھانہ عزیز بھٹی کے اہلکاروں کو تھانے کیلیے مفت بریانی مانگنا مہنگی پڑی گئی

تھانے کے لیے مفت بریانی مانگنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی


اسٹاف رپورٹر March 03, 2026

کراچی:

عزیز بھٹی تھانے کے اہلکاروں کو مفت میں بریانی مانگنا مہنگی پڑی گئی ، تھانے کے لیے مفت بریانی مانگنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

فوٹیج  میں ایک اہلکار نازبیا الفاظ میں دکاندار کو سامان اٹھا کر لیجانے کی دھمکیاں دیتا ہوا سنائی دیا، دکاندار نے بھی بڑے حوصلے کا مظاہرہ کیا اور مفت خور اہلکاروں کو بریانی نہیں دی، جبکہ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے نوٹس لیتے ہوئے وائرل ویڈیو میں دکھائی دینے والے دونوں پولیس اہلکاروں شوکت علی اور عبدالحمید کو معطل کر دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا اور سنا جا سکتا ہے کہ 2 پولیس اہلکار عزیز بھٹی تھانے کی حدود گلشن اقبال میں ایک بریانی سینٹر کے کاؤنٹر پر تھانے کے نام پر بریانی مانگتے ہوئے دکھائی دیے جس پر دکاندار کی جانب سے انکار کیا گیا تو ایک پولیس اہلکار بھڑک گیا۔

اہلکار نے دکاندار کو انتہائی نازبیا الفاظ میں سامان اٹھا کر لیجانے کی دھمکیاں دی اور کہا کہ یہ بریانی وہ اپنے لیے نہیں تھانے کے لیے مانگ رہا ہے جس پر دکاندار نے کہا کہ اس کا نام بتاؤ تو پولیس اہلکار بھڑک اٹھا ،تاہم اس موقع پر شہری بھی جمع ہوگئے اور معاملہ رفع دفع کرا دیا۔

مقبول خبریں