کراچی میں رہائشی پلاٹس کو کمرشل میں تبدیل کرنے کا نتیجہ بھگت رہے ہیں، وفاقی آئینی عدالت

رہائشی پلاٹس کمرشل کرنے سے شہر تباہ ہو جاتا ہے، پرانے اور بڑے شہروں میں رہائشی پلاٹس کمرشل میں تبدیل نہیں ہوتے، جسٹس حسن رضوی


ویب ڈیسک March 03, 2026

اسلام آباد:

وفاقی آئینی عدالت میں ایک کیس کی سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیے کہ کراچی میں رہائشی پلاٹس کو کمرشل میں تبدیل کرنے کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔

رہائشی پلاٹ کو کمرشل میں تبدیل کرنے کے کیس کی سماعت جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں وفاقی آئینی عدالت کے 2 رکنی بینچ نے کی، جس میں عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ دوبارہ فیصلے  کے لیے لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا۔

عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کو معاملے پر 90 دن میں دوبارہ فیصلہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔

دورانِ سماعت جسٹس حسن رضوی نے وکیل کے منشی کی عدالت سے مخاطب ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس حسن رضوی نے ریمارکس دیے کہ رہائشی پلاٹس کو کمرشل کرنے سے شہر کی تباہی ہو جاتی ہے۔ پرانے اور بڑے شہروں میں رہائشی پلاٹس کمرشل میں تبدیل نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ایک گھر میں 5 سے 6 لوگ رہتے ہیں۔ پلاٹ کمرشل میں تبدیل ہونے پر وہاں پورا بازار بن جاتا ہے۔ کراچی میں رہائشی پلاٹس کو کمرشل میں تبدیل کرنے کا نتیجہ بھگت رہے ہیں۔

مقبول خبریں