نجی ٹی وی کی رمضان نشریات کی میزبان رابعہ انعم نے سینئر اداکارہ صبا فیصل کے ایک پرانے بیان پر کھل کر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں بہو سے متعلق اداکارہ کی رائے بالکل پسند نہیں آئی۔
چند ماہ قبل ایک مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے صبا فیصل نے نئی دلہن کے حوالے سے کہا تھا کہ بہو کو گھر میں سونے یا آرام کرنے سے پہلے ساس یا نند کو آگاہ کرنا چاہیے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر خاصا وائرل ہوا تھا اور کئی صارفین نے اس پر تنقید بھی کی تھی۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں رابعہ انعم نے بغیر نام لیے اسی بیان پر اعتراض اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پروگرام میں یہ کہا گیا کہ بہو اگر کچھ دیر آرام کرنا چاہے تو ساس سے اجازت لے، آخر اس کی کیا ضرورت ہے؟
رابعہ نے کہا کہ وہ خود بھی بہو ہیں اور ان کی ساس نے کبھی ان سے اس قسم کی توقع نہیں کی، نہ ہی وہ سمجھتی ہیں کہ کسی کو اپنی ذاتی زندگی کے معاملات میں اس طرح وضاحت دینی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر فرد کو اپنی زندگی اپنے انداز میں گزارنے کا حق حاصل ہے اور ایسی روایات کو فروغ دینا درست نہیں۔ رابعہ انعم کے مطابق ہم اکثر ایسے خیالات کو اس لیے دہراتے ہیں کیونکہ ہم برسوں سے بھارتی ڈراموں اور کلچر کے زیرِ اثر ہیں، حالانکہ ہر معاشرے کی اپنی اقدار ہوتی ہیں اور ہمیں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔
دوسری جانب صبا فیصل نے رابعہ انعم کے بیان پر خاموشی اختیار نہیں کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر رابعہ کا ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ لوگ محض خود کو دانشمند ثابت کرنے اور وقتی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس قسم کی گفتگو کا حصہ بنتے ہیں۔
https://www.instagram.com/reel/DVaRDz0iJrK/?utm_source=ig_web_copy_link&igsh=MzRlODBiNWFlZA==
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ان کی بات اتنی ہی غلط تھی تو اسے اتنی اہمیت کیوں دی جا رہی ہے۔
یوں بہو اور ساس کے تعلق سے جڑا ایک بیان سوشل میڈیا پر نئی بحث کا باعث بن گیا ہے، جہاں صارفین دونوں شخصیات کے مؤقف پر اپنی اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔