شوبز میں آنے پر والد نے ایک سال تک بات نہیں کی، یشما گل کا انکشاف

والد شوبز انڈسٹری کے بارے میں عمومی تاثر کی وجہ سے اس پیشے کے خلاف تھے، یشما گل


ویب ڈیسک March 05, 2026

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد ان کے والد ایک سال تک ان سے ناراض رہے اور بات چیت بند رکھی۔

یشما گل نے اپنے کیریئر کا آغاز اس وقت کیا جب وہ آسٹریلیا میں تعلیم مکمل کرکے وطن واپس آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں شروع سے ہی شوبز کی دنیا اپنی طرف متوجہ کرتی تھی، اسی لیے انہوں نے اسی میدان کو اپنے مستقبل کے لیے منتخب کیا۔ آج وہ ڈرامہ انڈسٹری میں ایک مضبوط مقام حاصل کر چکی ہیں اور کامیابی کی جانب گامزن ہیں۔

حال ہی میں وہ نجی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں سے جڑی نجی زندگی کے اہم پہلو شیئر کیے۔ اداکارہ کے مطابق ان کے والد شوبز انڈسٹری کے بارے میں عمومی تاثر کی وجہ سے اس پیشے کے خلاف تھے۔ جب انہوں نے باقاعدہ اداکاری شروع کی تو ان کے والد نے تقریباً ایک سال تک ان سے گفتگو نہیں کی۔

یشما گل نے بتایا کہ ایک سال بعد رمضان المبارک کے دوران انہوں نے والد کو سلام کیا تو انہوں نے جواب دیا، اور یوں دونوں کے درمیان جمی برف پگھلنا شروع ہوئی۔ بعد ازاں جب اداکارہ نے عمرہ ادا کرنے کا ارادہ کیا تو انہیں محرم کی ضرورت تھی، جس پر انہوں نے اپنے والد سے ساتھ چلنے کی درخواست کی۔ ان کے والد عمرہ کی ادائیگی کے لیے ان کے ہمراہ گئے۔

اداکارہ کے مطابق اس سفر کے دوران جب ان کے والد نے دیکھا کہ لوگ ان کی بیٹی کو اس کے پیشے کی وجہ سے عزت اور خصوصی احترام دے رہے ہیں تو ان کا نقطۂ نظر بدلنا شروع ہوا۔ انہیں احساس ہوا کہ شاید ان کی بیٹی درست راستے پر ہے۔ اسی تجربے کے بعد دونوں کے تعلقات میں بہتری آئی اور وہ ایک دوسرے کے قریب آ گئے۔

یشما گل کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے، جہاں مداح ان کی خاندانی کہانی اور والد کے ساتھ مفاہمت کو سراہ رہے ہیں۔

مقبول خبریں