ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ، تعداد کتنی ہوگئی؟

امریکا، برطانیہ، جرمنی اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک کے افراد کی جانب سے نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی گئی


ویب ڈیسک March 06, 2026

کراچی:

ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کے عمل میں تسلسل سے اضافے کا رجحان برقرار ہے جس سے معاشی سرگرمیوں کی رفتار میں بتدریج تیزی دیکھی جا رہی ہے۔

سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق فروری 2026 میں 3ہزار 444 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2لاکھ 87ہزار 49 ہوگئی ہیں۔

نئی رجسٹرڈ 82 نئی کمپنیوں میں غیر ملکی شراکت داری کی گئی ہے جبکہ 44 کمپنیوں میں چین سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈائریکٹر شپ حاصل کی ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق امریکا، برطانیہ، جرمنی اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک کے افراد کی جانب سے نئی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی گئی ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مائننگ، ٹریڈنگ اور آئی ٹی سیکٹرز میں کمپنیاں رجسٹرڈ کروائی ہیں۔

ماہ فروری کے دوران پنجاب میں 1ہزار 696، اسلام آباد میں 656 اور سندھ میں 555 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبے میں 723 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، ٹریڈنگ میں 531، سروسز میں 434 اور رئیل اسٹیٹ میں 323 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔ مائننگ، ٹیکسٹائل، تعلیم اور صحت کھیلوں کے سامان، کیبلز اور الیکٹرک گڈز کے شعبے کی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔

مقبول خبریں