آپریشن غضب للحق میں طالبان رجیم کے 527 کارندے ہلاک، 755 زخمی

پاک فوج نے 237 افغان چیک پوسٹیں تباہ کردیں، 38 پر قبضہ کرلیا


ویب ڈیسک March 06, 2026
آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کی کامیابی سے دہشت گردوں کا بڑے پیمانے پرخاتمہ ہوا اورملک میں امن وامان کی فضا قائم ہوئی۔ فوٹو : فائل

راولپنڈی:

پاک فوج کے افغانستان میں جاری آپریشن غضب للحق کے دوران اب تک افغان طالبان رجیم کے 527 کارندے ہلاک اور 755 زخمی ہیں، 237 افغان چیک پوسٹیں تباہ کردی گئی ہیں اور 38 پر قبضہ کیا جاچکا ہے۔

وزیر اطلاعات کے ایکس پر جاری بیان کے مطابق آپریشن للحق میں اب تک 198 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز (توپیں) تباہ کی جاچکی ہیں، افغانستان بھر میں 62 مقامات کو فضائی کارروائی میں مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا ہے۔

دریں اثنا سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان بارڈر پر کرم سیکٹر میں پاک فوج کی افغان طالبان کے خلاف کامیاب کارروائی میں متعدد پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔ ژوب اور قلعہ سیف اللہ سیکٹرز سے ملحقہ دہشت گرد ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے بھاری آرٹلری فائر سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، کارروائی کے دوران افغان طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق پاک فوج کی موثر حکمت عملی کے باعث افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو بھاری نقصانات اور پسپائی کا سامنا ہے، آپریشن غضب للحق تاحال جاری ہے اور اپنے اہداف حاصل ہونے تک جاری رہے گا۔

 

مقبول خبریں