لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں شہادتوں کی تعداد بڑھ کر 123 ہو گئی ہے جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہیں۔
لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم 123 افراد جاں بحق اور 683 زخمی ہو چکے ہیں۔
لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان کے کئی قصبوں پر رات کے وقت فضائی حملے کیے جن میں بیروت کے جنوبی مضافات بھی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی علاقوں کے علاوہ مشرقی لبنان کے شہر دورس کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں، ڈرون گوداموں اور تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کے ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے اسرائیلی شہریوں کو شمالی سرحد کے قریب واقع علاقوں کو خالی کرنے کی وارننگ دی ہے۔ تنظیم نے دعویٰ کیا کہ اس کے جنگجوؤں نے لبنان میں داخل ہونے والی اسرائیلی افواج کو مختلف مقامات پر نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث ہزاروں افراد اپنے گھروں سے نقل مکانی کر چکے ہیں اور بیروت کے جنوبی مضافات سے بڑی تعداد میں شہری محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔
کئی متاثرہ خاندان ساحلوں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں جبکہ انسانی بحران تیزی سے بڑھ رہا ہے۔