پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 220 ارب روپے سے زائد ٹیکس اکٹھا کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 63 ارب روپے سے زائد اضافی ریونیو حاصل کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں ٹیکس وصولی 156.3 ارب روپے رہی تھی۔
یہ بات چیئرمین پی آر اے کی زیر صدارت ماہانہ ٹیکس ریونیو اہداف سے متعلق اجلاس میں بتائی گئی۔
اجلاس میں ماہانہ اہداف حاصل کرنے پر کمشنر پی آر اے لاہور محمد آصف کی کارکردگی کو قابلِ تعریف قرار دیا گیا جبکہ کمشنر پی آر اے فیصل آباد آفتاب احمد اور کمشنر راولپنڈی خالد یاسین کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔
چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا کا کہنا تھا کہ نئے ٹیکس سیکٹرز کے قیام سے ٹیکس وصولی میں واضح اضافہ ہوا ہے اور پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ٹیکس کولیکشن ہدف کے حصول کے لیے مزید انتظامی اصلاحات کی جائیں گی۔