ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ممکنہ جنگی خدشات کے دوران دبئی کے ایئرپورٹس نے بڑے پیمانے پر فضائی آپریشن آپریٹ کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف 84 گھنٹوں میں تقریباً 1140 پروازیں دبئی ایئرپورٹس پر کامیابی سے آپریٹ کی گئیں۔
یہ آپریشن بنیادی طور پر دبئی کے دو بڑے ہوائی اڈوں سے کیے گئے جس میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹس اور المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔
ان دونوں ایئرپورٹس نے خطے میں کشیدگی کے باوجود پروازوں کا شیڈول برقرار رکھنے اور مسافروں کو سہولت دینے کے لیے اضافی انتظامات کیے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق اس دوران فضائی حدود کی مسلسل نگرانی کی گئی جبکہ پروازوں کے راستوں میں ضرورت کے مطابق تبدیلیاں کی گئیں۔
ایئر ٹریفک کنٹرول نے مسلسل 24 گھنٹے آپریشن جاری رکھا۔ اس دوران دبئی عالمی فضائی ٹریفک کا ایک اہم مرکز بنا رہا۔
واضح رہے کہ دبئی دنیا کے مصروف ترین فضائی مراکز میں سے ایک ہے کیونکہ یہ یورپ، ایشیا اور افریقہ کے درمیان بڑا ٹرانزٹ حب ہے۔ یہاں سے روزانہ سینکڑوں بین الاقوامی پروازیں چلتی ہیں۔