خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میران شاہ مین روڈ چشمہ سربندکی چیک پوسٹ پر خود کش حملے کے نتیجے میں 14 عام شہری زخمی ہوئے جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آصف اقبال نے بتایا کہ ابتدائی موقع پر شہادت کی کوئی اطلاع نہیں تاہم مزید زخمیوں کو لایا جارہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے شمالی وزیرستان میں میران شاہ چشمہ سربندکی چیک پوسٹ پر خودکش دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ پشاور: میران شاہ چشمہ چیک پوسٹ دھماکے میں شہریوں کے زخمی ہونے کا واقعہ افسوسناک ہے۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو میران شاہ اور ریسکیو 1122 کے طبی عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ واقعات سے حکومت اور عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھیں گے۔