حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا

اطلاق رات 12 بجے سے شروع، عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا ہے، ہر ہفتے قیمتیں تبدیل ہوں گی، پریس کانفرنس


ویب ڈیسک March 05, 2026

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا، جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 55-55 روپے بڑھائی گئی ہے، اطلاق رات 12 بجے سے شروع ہوگیا جبکہ اب ہر ہفتے قیمتوں میں ردوبدل ہوگا۔

نائب وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم مصنوعات کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے بعد دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ ہوا ہے جبکہ وزیراعظم اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں تاکہ عوام پر بوجھ نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کم سے کم بوجھ ڈالنے کیلیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی بھی تشکیل دی جس کی سربراہی میں کررہا ہوں اور اس حوالے سے ہم ہر روز عالمی مارکیٹ کی قیمتوں پر غور بھی کررہے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ کشیدگی کے حوالے سے ہم مسلسل رابطے میں ہیں، میں وزرائے خارجہ، وزیراعظم سربراہان مملکت اور فیلڈ مارشل فوجی قیادتوں سے رابطے میں ہیں تاکہ مسائل کا حل نکل سکے۔

اس وقت مستحکم پوزیشن میں ہیں، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم نے جو کمیٹی تشکیل دی وہ پانچ روز سے کام کررہی ہے ، عالمی سطح پر بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خطیر اضافہ ہورہا ہے اور اس حوالے سے ہماری روزانہ میٹنگ ہورہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہماری میٹنگ میں پیٹرولیم، اسٹیٹ بینک سمیت دیگر اداروں کے نمائندے بھی ہوتے ہیں، توانائی کا براہ راست تعلق پاکستانی معیشت سے ہے جس کو ہم دیکھ رہے ہیں، کامرس وزیر بھی امپورٹ ایکسپورٹ پر پڑنے والے اثرات کو بھی دیکھ رہے ہیں۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم اس وقت مستحکم پوزیشن میں ہیں اور پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی بھی اچھی تعداد ہے تاہم اگر یہ سلسلہ زیادہ چلا تو صورت حال تبدیل ہوسکتی ہے، صورت حال کو دیکھتے ہوئے حکومت مزید فیصلے بھی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی تشکیل دی گئی کمیٹی اگلے دو روز میں تمام صوبوں وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکریٹریز کے ساتھ بھی ملاقات کرے گی اور حالات کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد صوبوں کو ریلیف دیا جائے گا۔

ہمسائے ملک کی آگ نے پورے خطے کو لپیٹ میں لے لیا، وزیر پیٹرولیم

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ اس مشکل مرحلے میں وزیراعظم، ڈپٹی وزیراعظم نے رہنمائی کی جس پر شکر گزار ہوں، ہم آج غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں، ہمسائے ملک میں لگنے والی آگ نے پورے خطے کو لپیٹ میں لے لیا، بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ یہ بحران کتنے عرصے تک رہے گا۔

’ہمیں ایک قوم بن کر ذخائر کو بچانا ہے‘

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی مسلسل نگرانی اور توجہ کی وجہ سے ہم نے ذخائر کو محفوظ کرلیا تھا، چونکہ اختتام کی کوئی تاریخ نہیں تو ہمیں ایک قوم بن کر آگے چلنا ہے اور ذخائر کو بچانا ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ پچھلے ایک ماہ کا سائیکل دیکھیں تو پیٹرولیم کی طلب کے حوالے سے آخری میٹنگ ایک ماہ قبل ہوئی، ناجائز منافع خوری اور پیٹرول پمپ بند کرنے پر وزیراعظم نے سخت نوٹس لے کر چیف سیکریٹریز کو ایکشن کی ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بہت سا توانائی کا حصہ آبنائے ہرمز سے آتا ہے، جس کی بندش کی وجہ سے اب ہم نے سعودی عرب سے رابطہ کیا، ہمارے دو جہاز روانہ ہوچکے ہیں جو کروڈ آئل لے کر آئیں گے اور ہم بحران سے بچنے کیلیے اقدامات کریں گے۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ یہ بھی بات ہوئی ہے کہ وہ اپنا بڑا جہاز سمندر میں کھڑا کردیں گے اور ہمارے پی این ایس سی کے جہاز پیٹرولیم مصنوعات کو بھرسکیں گے، یکم مارچ کو جب ہم نے پیٹرولیم مصنوعات کو ریوائس کیا اُس وقت عالمی مارکیٹ میں پیٹرول 78 ڈالر فی بیرل اور ڈیزل کی قیمت میں 88 ڈالر فی بیرل تھی جبکہ آج 108 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 150 ڈالر فی بیرل سے زائد اضافہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعات، پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ کو دیکھتے ہوئے قیمت 55 روپے بڑھانے جارہے ہیں جس کا اطلاق رات بارہ بجے سے اگلے ہفتے تک ہوگا۔

حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 321 روپے 17 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 55 روپے اضافے سے 335 روپے 86 پیسے پر پہنچ گئی۔

مقبول خبریں