کراچی کے علاقے لیاری کی گینگ وار پر بنائی گئی بالی ووڈ پروپیگنڈہ فلم ’دھرندھر: دی ریوینج‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا جس میں رنویر سنگھ کی بھرپور ایکشن کے ساتھ واپسی ہوئی ہے۔
آدتیہ دھر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کے لکھاری اور پروڈیوسر بھی وہ خود ہی ہیں جسے ہندی، تامل، تیلگو، ملیالم اور کنڑ سمیت 5 زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا جو 19 مارچ کو یعنی عید الفطر کے موقع پر سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
دھرندھر کے پہلے حصے کی زبردست کامیابی کے بعد شائقین اس فلم کے ٹریلر کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔
ہدایت کار آدتیہ دھر کی جانب سے کیے گئے وعدے کے مطابق ٹریلر آج صبح 11 بج کر 1 منٹ پر جاری کیا گیا۔
فلم کا پوسٹر کو دیکھ کر ہی اندازہ ہو جاتا ہے کہ مداحوں کو ایک سنسنی خیز سفر دیکھنے کو ملنے والا ہے۔ فلم کے پہلے حصے کو بھارت سمیت دنیا بھر میں زبردست کامیابی ملی تھی اور اسے سنسنی خیز اور شاندار ایکشن کے لیے سراہا گیا تھا۔
منٹ 25 سیکنڈ پر مشتمل ٹریلر کا آغاز اجے سانیال (جس کا کردار آر مادھون نے ادا کیا ہے) سے ہوتا ہے جسے دہشت گرد دھمکاتے ہیں لیکن جیسے ہی وہ ملک کی توہین کرنے کی کوشش کرتا ہے، رنویر سنگھ حمزہ علی مزاری کے روپ میں سامنے آتے ہیں اور دہشت گردوں کو ایک ہی وقت میں ختم کر دیتے ہیں۔
دوسری جانب، رحمان ڈکیت کے قتل کے بعد حمزہ علی مزاری لیاری کی گلیوں میں تباہی مچارہا ہے اور یہ سوال کیا جارہا ہے کہ لیاری کا نیا لیڈر کون ہوگا؟
پروڈیوسرز کے مطابق اس بار کہانی صرف جاسوسی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ نامعلوم افراد کی کہانی اس سیکوئل میں ذاتی رخ اختیار کرے گی جب کہ رنویر سنگھ دو مختلف کرداروں میں دکھائی دیں گے۔