وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہمیں تیل کی قیمتیں بڑھانی پڑیں، تاہم کوشش کر رہے ہیں اس کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں سابق صدر پاکستان وتحریک پاکستان کے مخلص کارکن اور ادارہ نظریہ پاکستان کے سابق چیئرمین محمد رفیق تارڑ مرحوم کی چوتھی برسی کے موقع پر ادارہ نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ساجدہ فاروق تارڑ،بلال فاروق تارڑ، مجیب الرحمن شامی، لیگی رہنما ملک شہباز کھوکھر، میاں فاروق، اختر حسین قریشی، سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل، پروفیسر عابد شیروانی، سیف اللہ چوہدری، نسیم اللہ گردیزی سمیت طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد ریاست ہے جسے ہمارے آبائو اجداد نے لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل کیا، دنیا میں دو ہی ریاستیں ہیں جو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوئیں، ان میں ایک ریاست مدینہ اور دوسری مملکت خداداد پاکستان ہے، اس ملک کے قیام کے پیچھے ایک نظریہ تھا جس کی وجہ سے ہی آج ہم ایک آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں، انشا اللہ پاکستان تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔
موجودہ عالمی حالات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور معرکہ حق میں دنیا ہماری طاقت کا اندازہ کرچکی ہے کہ کس طرح ہماری فوج نے اپنے سے بڑے دشمن کو ناکوں چنے چبائے، دشمن اب میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگیں باہمی تنازعات کا حل نہیں ہوتیں، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں امن کے قیام کے لیے سفارتی محاذ پر کاوشوں کو پوری دنیا مانتی ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبا زشریف نے ایرانی سپریم لیڈ آیت اللہ خامہ ای کی شہادت پر دکھ کا اظہار اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کیا ہے جس پر سکیورٹی کونسل میں ایران کے نمائندے نے پاکستانی کوششوں پر شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے سعودی عرب، آذربائیجان، ترکیہ سمیت دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، چاہتے ہیں کہ فریقین کے درمیان جاری کشیدگی کا جلد سے جلد خاتمہ ہو، اس کے لیے پاکستان سفارتی سطح پر اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے اس ملک کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہوا اور ہمارا عزم ہے کہ اس ملک کی خدمت کرتے رہیں گے، یہ ملک ہے تو سب کچھ ہے، اس ملک کی وجہ سے ہم اس مقام پر پہنچے ہیں، اللہ تعالی کے فضل سے حکومتی مثبت پالیسوں کی بدولت ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ہمیں تیل کی قیمتیں بڑھانی پڑیں، تاہم کوشش کر رہے ہیں اس کا بوجھ عام آدمی پر نہ پڑے، عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سیاسی و عسکری قیادت بھرپور طریقے سے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے۔
سابق صدر مملکت محمد رفیق تارڑ مرحوم کی پاکستان اور نظریہ پاکستان کے فروغ، سیاسی، عدالتی اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ محمد رفیق تارڑ نظریہ پاکستان کے فروغ اور قومی اقدار کے تحفظ کے لیے سرگرم کردار ادا کرتے رہے ، اس حوالے سے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم کی زندگی کے احوال کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بنتے وقت مرحوم محمد رفیق تارڑ نے مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کو جوائن کیا اور قیام پاکستان کے حوالے سے اپنی خدمات سر انجام دیں،پاکستان بنتے وقت وہ مہاجرین کی مدد میں بھی پیش پیش رہے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم کی زندگی نظریہ پاکستان اور عقیدہ ختم نبوت پر گزری اور وہ ہمیشہ لوگوں کو انصاف فراہم کرنے میں پیش پیش رہے، ان کی زندگی ہماری لیے مشعل راہ ہے۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما ساجدہ فاروق تارڑنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے 40 سال محمد رفیق تارڑکے سایہ میں گزارے، وہ ایک مثالی باپ اور شفقت کا مثالی نمونہ تھے، ہم نے ان کی تربیت سے بہت کچھ سیکھا، ان کا کردار میرے لئے مشعل راہ ہے، کوئی ایسا دن نہیں جب میں نے ان کو یاد نہ کیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ بطور سینیٹر، صدر، قانون دان اور جج مرحوم جہاں جہاں بھی گئے نیک نام کمایا، ہمیشہ مظلوم کو انصاف دلوایا۔ انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے عطا اللہ تارڑ کی صورت میں مجھے رفیق تارڑ کی جھلک نظر آتی ہے۔ مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ محمد رفیق تارڑ ایک نیک صفت، محب وطن اور انصاف پسند انسان تھے،
بطور صدر انہوں نے سادگی کے کلچرکو فروغ دیا ، ان کی ساری زندگی ہمارے لیے ایمانداری، شرافت، دیانت اور سادگی کی ایک روشن مثال ہے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں محمد رفیق تارڑ مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ بعد ازاں ادارہ نظریہ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ کو کتب اور شیلڈ دی گئی۔