ملیر میں ڈاکو دن دہاڑے بزرگ شہری کو یرغمال بنا کرلوٹ کر فرار، رپورٹ درج

واقعے کے دوران قریب ہی گاڑی میں موجود شہری نے اپنے موبائل سے ویڈیو بنالی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی


منور خان March 07, 2026
فوٹو: اسکرین شاٹ

کراچی:

ضلع ملیر کے علاقے سکھن بھینس کالونی میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے دن دہاڑھے بزرگ شہری کو یرغمال بنا کر جسمانی تلاشی کے بعد دو لاکھ 90 ہزار روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے سکھن بھینس کالونی میں موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے سرعام بزرگ شہری کو یرغمال بنا کر ان کی جسمانی تلاشی لی اور اس کے بعد دو لاکھ 90 ہزار روپے نقد اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے اور قریب ہی گاڑی میں موجود شہری نے اپنے موبائل سے واردات کی ویڈیو بنالی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

متاثرہ شہری ابراہیم خان نے واردات کی رپورٹ سکھن تھانے میں درج کرا دی ہے، جنہوں نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ مسلم لیگ کالونی لانڈھی کا رہائشی ہے اور ہفتے کی صبح ساڑھے 10 بجے کے قریب روڈ نمبر5 باڑے کی جانب جا رہا تھا اس دوران 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح افراد نے اسلحے کے زور پر 2 لاکھ 90 ہزار روپے نقد، کیپڈ موبائل فون اور شناختی کارڈ چھین کر فرار ہوگئے۔

شہری کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ڈاکو شلوار قمیض میں ملبوس ہیں، موٹر سائیکل چلانے والے 2 ڈاکوؤں ںے ہلمٹ جبکہ دیگر 2 ڈاکوؤں میں سے ایک نے چہرے پر رومال اور دوسرے نے ماسک لگا کر سر پر رومال باندھا ہوا تھا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو جس طرح سے بزرگ شہری کی آزادانہ اور دلیرانہ جسمانی تلاشی لے رہے تھے اس سے تو بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ انھیں پولیس کا کوئی ڈر و خوف نہیں تھا۔

سکھن کے علاقے بھینس کالونی میں لوٹ مار کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے حوالے سے ڈیری فارمرز کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا اور بتایا گیا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی متعدد بار شکایات درج کرائی جا چکی ہیں۔

مقبول خبریں