پاکستانی گلوکار اور اداکار علی ظفر نے حضور نبی اکرم ﷺ کی مدح میں نئی نعت "سوہنا نبی" جاری کردی۔
علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نعت کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ تخلیق ایسے وقت میں پیش کی جا رہی ہے جب دنیا پہلے سے زیادہ شور، سختی اور تقسیم کا شکار نظر آتی ہے اور لوگ اب بھی روشنی، رحمت اور ہمدردی کی تلاش میں ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "سوہنا نبی" محبوب نبی حضرت محمد ﷺ کی محبت اور یاد میں پیش کی گئی ایک عاجزانہ نعت ہے۔ ان کے بقول نبی کریم ﷺ کی زندگی اور پیغام نے تاریکی میں ڈوبی دنیا کو روشنی دی اور آج بھی آپ ﷺ کی تعلیمات انسانیت کو وقار، رحم دلی اور باہمی احترام کے ساتھ جینے کا درس دیتی ہیں۔
علی ظفر نے اسے اپنی جانب سے محبت اور عقیدت کا ایک چھوٹا سا اظہار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نعت مخلوقِ خدا میں سب سے خوبصورت ہستی کے حضور خراجِ عقیدت ہے۔
نعت کی آڈیو کی تیاری علی ظفر نے خود کی جبکہ اس کے بول، دھن اور موسیقی کی تیاری حسن بادشاہ نے کی ہے۔ ریکارڈنگ میں عامر علی نے طبلہ، تیمور علی حیدر نے ڈھولک جبکہ حیدر علی اور استاد تنویر حسین نے دیگر سازوں کے ذریعے حصہ ڈالا۔ اس نعت کی ویڈیو بھی علی ظفر نے خود تیار کی، ہدایت دی اور تدوین کی ہے۔