سندھ رینجرزاورایس آئی یو پولیس نے پرنیو کراچی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز اور ایس آئی یو پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پرنیو کراچی میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث 2 ملزمان محمد اریب عرف مشتاق اور مزمل کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم محمد اریب عرف مشتاق کا تعلق بھتہ مافیا کے سرغنہ اسامہ جمیل اور عبدالصمد کاٹھیاواڑی گروپ سے ہے۔
گرفتار ملزم اپنے ساتھی مناز عرف مانی اور اصغر کے ساتھ مل کر دکانداروں اور دیگر کاروباری افراد سے بھتہ وصول کرنے میں ملوث ہے۔ ملزم کے ساتھی مناز اور اصغر اس سے پہلے گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
ملزم اپنے ساتھیوں کی گرفتاری کے بعد شہر کے دیگر علاقوں میں روپوش رہا۔ گرفتار ملزم مزمل بھتہ مافیا کے سرغنہ بہادر پی ایم ٹی کا قریبی ساتھی ہے۔ ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بہادر پی ٹی ایم کے لیے مختلف کاروباری افراد سے بھتہ وصولی میں ملوث ہے۔
ملزم اور اسکے ساتھی وصول کی گئی بھتہ کی رقوم بہادر پی ٹی ایم کو حوالہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک منتقلی میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔