امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ایران کی جانب سے عرب ممالک پر کیے گئے ڈرون اور میزائل حملوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ جنگ کے آغاز سے اب تک ایران نے عرب ممالک میں مختلف اہداف پر تقریباً 2000 ڈرونز اور 500 میزائل داغے ہیں۔
اخبار کے مطابق بعض حلقوں میں یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ ایران کے میزائل ذخائر کم ہو رہے ہیں، تاہم حملوں کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملوں کی شدت میں اب تک کوئی نمایاں کمی نہیں آئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کی مکمل تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تل ابیب پر 10 خیبر شکن میزائل داغے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے مطابق انہوں نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ مقبوضہ فلسطین میں سائرن بجنے کا سلسلہ بند نہیں ہوگا۔
ایرانی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی بحریہ کے ایک جہاز کو خیبر شکن میزائل سے نشانہ بنایا ہے، تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔