بدقسمتی سے اِس حکومت میں بلدیاتی انتخابات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد اور پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے، اب مزید تاخیر نہیں ہوگی، سکندر سلطان راجہ


ویب ڈیسک March 10, 2026

اسلام آباد:

چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سماعت کے دوران ریمارکس دیے ہیں کہ بدقسمتی سے اس حکومت میں بلدیاتی حکومت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی جس کی سربراہی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی۔ 5 رکنی کمیشن کی سماعت میں وزیر داخلہ محسن نقوی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے پیش نہ ہو سکے، تاہم سیکریٹری داخلہ نے الیکشن کمیشن میں شرکت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے وزیر داخلہ کی غیر حاضری کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں آج کی سماعت سے استثنا دے دیا۔

سماعت کے دوران الیکشن کمیشن حکام نے کہا کہ ڈرافٹ میں یونین کونسل کے نام شامل کرنا سیکریٹری داخلہ کا اختیار نہیں ، یہ الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ ہے۔

حکام کے مطابق یونین کونسل کا نوٹی فکیشن درست نہیں ۔ ٹاؤن اور نمبر یونین کونسل کی معلومات حاصل کی جانی تھیں جبکہ یو سی کے نام طلب نہیں کیے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکریٹری داخلہ نے یونین کونسل کی تعداد 125 سے بڑھا کر 130 کر دی اور وارڈ کی تفصیل دی جو درکار نہیں تھی۔

سیکریٹری داخلہ نے توہین کے نوٹس پر معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کابینہ کے سامنے ڈرافٹ نوٹی فکیشن منظوری کے لیے پیش کیا جا چکا ہے اور وزارت قانون کی جانب سے جواب موصول ہو چکا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ فروری 2021 سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے۔ اس دوران مختلف حکومتوں نے مقامی حکومت کے حوالے سے مثبت رسپانس دیا، لیکن موجودہ حکومت میں الیکشن کمیشن اور بلدیاتی حکومت کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جس پر توہین کا نوٹس جاری کرنا پڑا۔

چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری داخلہ کی موجودگی پر نوٹس واپس لے لیا اور اعلان کیا کہ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن اور آئی سی ٹی کے اہلکاروں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جس کی سربراہی چیف کمشنر یا ڈی سی کریں گے تاکہ معاملات درست سمت میں چل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور پنجاب میں الیکشن کے حوالے سے سنجیدگی سے اقدامات کیے جائیں گے ، اب مزید تاخیر نہیں ہوگی۔ سماعت کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید کارروائی کے لیے سماعت ملتوی کر دی۔

مقبول خبریں