قومی ٹی ٹوئنٹی کپ: ایبٹ آباد نے کراچی بلیو کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی بلیو نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 201 رنز بنائے اور ایبٹ آباد کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا


ویب ڈیسک March 10, 2026

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے چوتھے روز  کراچی بلیو اور ایبٹ آباد کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں ایبٹ آباد نے کراچی بلیو کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پشاور میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی بلیو نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 201 رنز بنائے اور ایبٹ آباد کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا۔ کراچی بلیو کی جانب سے احسن علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر دھواں دار 67 رنز اسکور کیے۔ جہانزیب نے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے، جبکہ عثمان خان نے 39 اور سعد بیگ نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایبٹ آباد کی جانب سے باؤلنگ میں شاداب خان نمایاں رہے جنہوں نے چار اوورز میں 36 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

کراچی بلیو کی اننگز کے بعد ایبٹ آباد نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو بارش کے باعث میچ روکنا پڑا۔ اس وقت ایبٹ آباد کی اننگز میں صرف چار گیندوں کا کھیل ممکن ہو سکا تھا۔ بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع کیا گیا اور دو اوورز کے اختتام پر ایبٹ آباد نے بغیر کسی نقصان کے 18 رنز بنا لیے تھے۔

بعد ازاں ایبٹ آباد کے بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ہدف بآسانی سے حاصل کرلیا۔ ایبٹ آباد نے 202 رنز کا ہدف صرف 16.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ایبٹ آباد کی جانب سے کامران غلام نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ شاہ زیب نے بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے 38 گیندوں پر 72 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

 

مقبول خبریں