ڈھاکا:
بنگلا دیش کے خلاف سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم صرف 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ڈھاکا کے شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے 3 میچز کی سیریز کے پہلے میچ کا ٹاس مہمان ٹیم کے کپتان مہدی حسن مرزا نے جیت کر پہلے پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
قومی ٹیم کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاز صداقت کے پہلی وکٹ کی شراکت میں 41 رنز جوڑے گئے تاہم صاحبزادہ فرحان کے آؤٹ ہوتے ہی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی اور 70 کے مجموعی اسکور پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔
صاحبزادہ فرحان 27 رنز، معاذ صداقت 18، شامل حسین 4، محمد رضوان 10، سلمان علی آغا 5 رنز اور عبدالصمد صفر پر پولین لوٹ گئے۔
ان کے بعد آنے والے بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 31 ویں اوور میں صرف 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی، آل راؤنڈر فہیم اشرف 37 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جب کہ شاہین آفریدی 7 اور محمد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے۔
یاد رہے کہ صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین اور عبدالصمد اپنے کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیل رہے ہیں، صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھی ٹاپ اسکورر رہ چکے ہیں۔
بنگلا دیش کی جانب سے ناہید حسین نے شاندار باؤلنگ کی اور 7 اوورز میں 25 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بنگلادیش نے 144 کا ہدف 16 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، تنزید حسن 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، نجم الحسن شانٹو نے 27 رنز بنائے، شاہین آفریدی اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش ٹیم
مہدی حسن مرزا (کپتان)، سیف حسن، تنزید حسن، توحید ہردوئے، نجم الحسن شانتو، لٹن داس (وکٹ کیپر)، عفیف حسین، رشاد حسین، تسکین احمد، ناہید رانا اور مستفیض الرحمٰن
پاکستان ٹیم
شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت، شامل حسین، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، حسین طلعت، عبدالصمد، فہیم اشرف، محمد وسیم، ابرار احمد
دوسری جانب، سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ باِلترتیب 13 اور 15 مارچ کو ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکا کے معروف شیر بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کی گئی نئی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان شاہینز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
مائیک ہیسن کے مطابق بنگلہ دیش کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، اس لیے ٹیم کو جلد از جلد مقامی پچ اور موسم کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا تاکہ میزبان ٹیم کو اس کی سرزمین پر سخت مقابلہ دیا جا سکے۔