کراچی:
شہر قائد کے علاقے صدر میں یوم حضرت علیؓ کے مرکزی جلوس کے موقع پر سخت سیکیورٹی اور مارکیٹ سیل ہونے کے باوجود موبائل فون کی دکان میں بڑی چوری کی واردات سامنے آگئی۔
نامعلوم ملزمان دلدار سینٹر میں قائم موبائل شاپ ساحل الیکٹرونکس سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز اور نقدی لے اڑے۔
صدر موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما منہاج گلفام کے مطابق دکان سے تقریباً 20 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز اور 3 لاکھ روپے نقد چوری کیے گئے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ نے کراچی پولیس چیف سے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے اور تفتیش کے لیے تجربہ کار افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دکاندار نعیم نے واقعے سے متعلق اطلاع تو دی ہے تاہم اب تک مقدمہ درج نہیں کرایا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ سال بھی جلوس کے دن اسی دکان سے چوری کی رپورٹ سامنے آئی تھی، جبکہ آس پاس کے دکانداروں سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔