صدر مملکت نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کرنے کی منظوری دیدی

نہال ہاشمی گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے روبرو حلف اٹھائیں گے


ویب ڈیسک March 12, 2026

اسلام آباد:

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات کردیا گیا، صدر مملکت نے سمری کی منظوری دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صدرِ مملکت نے وزیرِاعظم کی ایڈوائس پر آئینِ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرٹیکل 48 اور 101 کے تحت گورنر سندھ کے عہدے کے لیے نہال ہاشمی کی تقرری کی سمری کی منظوری دی۔

صدر آصف علی زرداری نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، صدرِ مملکت نے اس تقرری کے لیے کمیشن آف اپائنٹمنٹ پر بھی دستخط کر دیے ہیں۔ 

نہال ہاشمی گورنر سندھ کا عہدہ سنبھالنے سے قبل سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے روبرو حلف اٹھائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا تھاکہ نہال ہاشمی کو گورنر بنایا جارہا اور اس کی سمری منظوری کے لیے صدر کو ارسال کردی گئی۔

بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے نہال ہاشمی کی ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں انہیں گورنر سندھ تعیناتی پر مبارکباد دی گئی تھی ۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔

 

کراچی سمیت سندھ بھر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کروں گا، نہال ہاشمی

مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کے نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی نے ایکسپریس کے رابطے پر بتایا کہ وہ اس عہدے پر نامزدگی پر پارٹی کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں، انشاء اللہ کراچی سمیت سندھ بھر میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کی مزید مضبوطی کے لیے کام کروں گا، سب سے رابطے میں رہوں گا۔

نہال ہاشمی کا سیاسی کیریئر

مسلم لیگ ن کے رہنما اور نامزد گورنر سندھ سید نہال ہاشمی کا تعلق کراچی سے ہے۔ وہ پیشے کے لحاظ سے وکیل اور سیاست دان ہیں، وہ مارچ 2015ء سے فروری 2018ء تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہ چکے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نہال ہاشمی 28 جنوری 1960 کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ نہال ہاشمی کا شمار پاکستان کے ممتاز اور معروف فوجداری اور آئینی وکیلوں میں ہوتا ہے۔ نہال ہاشمی نے 1980 کی دہائی کے آخر میں قانون کی پریکٹس شروع کی۔بطور اسٹوڈنٹ لیڈر نہال ہاشمی نے آل پاکستان یوتھ لیگ کے نام سے اپنی سیاسی تنظیم کی بنیاد رکھی۔

نہال ہاشمی نے اپنی سیاست کا آغاز 90 کی دہائی میں کیا۔نہال ہاشمی 1992 میں مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے۔ نہال ہاشمی 1997 سے 1999 تک وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قانون انصاف اور انسانی حقوق رہے۔انہوں نے نواز شریف کے نیب کیس اور مرتضیٰ بھٹو ٹربیونل جیسے ہائی پروفائل مقدمات میں اہم قانونی خدمات سرانجام دیں۔

2012ء میں انہوں نے کراچی میں مسلم لیگ ن کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اگست 2014ء میں انہیں سندھ میں مسلم لیگ ن کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا۔پھر 2015ء میں وہ مسلم لیگ ن کی پنجاب سے نشست پر سینیٹ کے امیدوار منتخب ہوئے۔ سید نہال ہاشمی مارچ 2015 سے فروری 2018 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن رہے۔2017ء میں پاناما کیس ۔سے متعلق متنازع بیان پر نہال ہاشمی کو مسلم لیگ ن سے نکال دیا گیا تھا تاہم پھر 2021ء میں ان کی رکنیت بحال کر دی گئی تھی۔

یکم فروری 2018 کو توہینِ عدالت کے کیس میں انہیں ایک ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی اس سزا کے نتیجے میں ان کی سینیٹ رکنیت ختم ہوگئی اور وہ 5 سال کے لیے نااہل قرار پائے۔ ایک ماہ کی قید کاٹنے کے بعد وہ رہا ہوئے۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے کراچی کے مسائل کو ہمیشہ اجاگر کیا وہ متحرک سماجی رہنما بھی ہیں۔ان کی سیاسی خدمات پر ن لیگ کی وفاقی حکومت نے نہال ہاشمی کو گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امکان یے کہ وہ بطور گورنر سندھ جلد اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ن ہال ہاشمی کی بطور گورنر سندھ نامزدگی پر مسلم لیگ ن کے رہنمائوں اور کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت سندھ کے گورنر کامران خان ٹیسوری ہیں، جن کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔

سیاسی اور میڈیا کے حلقوں میں گزشتہ دنوں سے گورنر سندھ کی تبدیلی کی خبریں گردش میں تھیں، تاہم اب اس حوالے سے واضح پیش رفت سامنے آ چکی ہے۔

مقبول خبریں