ایران کا بڑا اعلان: اسرائیل اور خلیج میں امریکی ٹیک کمپنیوں اور بینکوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی

ایرانی پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق حالیہ حملوں میں ایران کے ایک بینک کو نشانہ بنایا گیا تھا


ویب ڈیسک March 12, 2026

ایران کی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ اب اسرائیل اور خلیجی ممالک میں موجود امریکی ٹیک کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے بیان کے مطابق حالیہ حملوں میں ایران کے ایک بینک کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے بعد ایران نے خطے میں امریکا اور اسرائیل سے وابستہ معاشی مراکز اور بینکوں کو ہدف بنانے کا عندیہ دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ دشمن کے اقدامات نے ایران کو مجبور کر دیا ہے کہ وہ خطے میں موجود امریکا اور اسرائیل سے منسلک اقتصادی مراکز کے خلاف کارروائی کرے۔ اس سلسلے میں گوگل، مائیکروسافٹ اور اوریکل جیسی بڑی امریکی ٹیک کمپنیوں کے دفاتر اور مالیاتی ادارے ممکنہ اہداف ہو سکتے ہیں۔

پاسداران انقلاب نے ایرانی عوام کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے بینکوں اور مالیاتی اداروں سے دور رہیں جو امریکا یا اسرائیل سے وابستہ ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے ایران کے مختلف شہروں پر حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق تہران میں شدید بمباری کی گئی جہاں دھماکوں اور لڑاکا طیاروں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ ایک شہری کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے۔

اسی طرح امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اصفہان میں بھی بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں روسی قونصل خانہ متاثر ہوا، جبکہ تبریز میں حملے کے دوران تین شہری جاں بحق اور چار زخمی ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق 28 فروری سے شروع ہونے والے حملوں کے بعد اب تک ایران میں تقریباً 10 ہزار شہری مقامات کو نشانہ بنایا جا چکا ہے اور 20 ہزار کے قریب عمارتیں متاثر ہوئی ہیں۔

مقبول خبریں