ایرانی میزائل حملوں کے بعد اسرائیل میں ہونے والی تباہی کے مناظر سامنے آگئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بھارتی خاتون رپورٹر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے وہاں ہونے والی تباہی کی تفصیلات بیان کیں۔
رپورٹر کے مطابق وہ اسرائیل کے شہر بیت شمیشا میں اس مقام پر پہنچی جہاں چند روز قبل ایرانی میزائل ایک بم شیلٹر پر گرا تھا۔ وہاں ہر طرف ملبہ پھیلا ہوا تھا اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ بنکر میزائل حملوں سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کے لیے بنایا گیا تھا، تاہم تقریباً 500 کلوگرام وارہیڈ والے میزائل کے گرنے سے یہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
رپورٹر کے مطابق اس میزائل حملے میں کم از کم نو اسرائیلی ہلاک جبکہ پچاس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
حالیہ حملوں کے بعد اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خوف اور کشیدگی کی فضا برقرار ہے جبکہ حکام نے شہریوں کو سکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔