عدالتی حکم کے باوجود ملازم کو واجبات کی عدم ادائیگی، توہین عدالت کی درخواست پر سماعت

چیئرمین ایف بی آر کو عدالت میں حاضری کے لئے متعدد خطوط لکھے گئے


ویب ڈیسک March 12, 2026
(فوٹو: فائل)

ملازم کے پینشن واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نا کرنے پر چیئرمین ایف بی آر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں عدالتی حکم کے باوجود ملازم کے واجبات ادا نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں جج نے چیئرمین ایف بی آر کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کیا اور آئی جی اسلام آباد کو چیئرمین ایف بی آر کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ گذشتہ سماعت پر چیئرمین ایف بی آر کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کا حکم دیا تھا، عدالت نے عمل درآمد نا ہونے کی صورت میں چیئرمین ایف بی آر کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا، نا عدالتی احکامات پر عمل کیا گیا اور نا ہی چیئرمین ایف بی آر عدالت میں پیش ہوئے۔

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر کو عدالت میں حاضری کے لئے متعدد خطوط لکھے گئے، تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ عدالت کا اس پر کہنا تھا کہ عدالت کے پاس ایسی صورت میں یہی آپشن بچتا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کے ذریعے چیئرمین ایف بی آر کی پیشی کروائی جائے۔

عدالت نے کہا کہ عدم تعمیل کی صورت میں آئی جی اسلام آباد ذاتی حیثیت میں پیش ہوں، عدالت نے درخواست کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔

عدالت نے 2022 میں درخواست گزار واحد خورشید کنور کے واجبات ادا کرنے کا حکم دیا تھا، عدالتی احکامات کے باوجود درخواست گزار کے واجبات تاحال ادا نہیں کئے گئے۔

مقبول خبریں