ڈیجیٹل شناختی کارڈ فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی ہے، نادرا

بعض سرکاری دفاتر و اداروں میں ڈیجیٹل کے بجائے فزیکل کارڈ یا فوٹو کاپی طلب کرنا قانون کے منافی ہے، ترجمان


ویب ڈیسک March 13, 2026

کراچی:

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی ہے۔

 نادرا ترجمان کے مطابق بعض  سرکاری دفاتر، ادارے ڈیجیٹل کے بجائے فزیکل کارڈ یا فوٹو کاپی طلب کر رہے ہیں، یہ طرزِ عمل مروجہ قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک کے منافی ہے۔

نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ نادرا آرڈیننس کے تحت ڈیجیٹل شناختی ضوابط تشکیل دیے گئے، ریگولیشن 9 اور 10 ڈیجیٹل شناختی اسناد کو قانونی حیثیت دیتے ہیں۔ یہ ضوابط ڈیجیٹل شناختی اسناد کو شناخت کا درست ثبوت قرار دیتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ سے شناختی کارڈ کی غیر ضروری فوٹو کاپیوں کی ضرورت  کم ہوتی ہے اور شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے، شناختی معلومات کے غلط استعمال کی روک تھام ہوتی ہے۔

نادرا ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری محکمے، عوامی و مالیاتی ادارے، ٹیلی کام آپریٹرز ان احکامات کی پابندی یقینی بنائیں، شہری اپنی شکایات نادرا کے سرکاری شکایتی نظام کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔

مقبول خبریں