عیدالفطر: سندھ حکومت کی مسافروں سے زائد کرایے وصول کرنے کے خلاف مہم

سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کی زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت


ویب ڈیسک March 14, 2026

کراچی:

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے عید الفطر کے موقع پر مسافروں پر زائد کرایوں کا بوجھ روکنے کے لیے مہم شروع کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے پولیس، تمام اضلاع کی انتظامیہ، این ایچ اے، ٹریفک اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف فوری کارروائی کریں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کریں۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بعض ٹرانسپورٹرز کی جانب سے خودساختہ طور پر کرایوں میں اضافہ مسافروں پر اضافی مالی بوجھ ڈال رہا ہے۔ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور بغیر اجازت کرایوں میں اضافہ روکنا متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں  کی جائیں تاکہ مسافروں کو سرکاری مقررہ کرایوں پر محفوظ اور سہل سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے۔

سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں متحرک رہیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ عید کے موقع پر ہر مسافر کو بغیر کسی اضافی مالی بوجھ کے محفوظ سفر کی سہولت حاصل ہو۔

مقبول خبریں