لکی مروت؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشتگرد ہلاک

ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک March 15, 2026
فوٹو: آئی ایس پی آر

لکی مروت:

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 15 مارچ  کو خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا اور ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

مزید بتایا گیا کہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن “عزم استحکام” کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مقبول خبریں