لاہور:
پنجاب پولیس کے خوف نے بھکاری کی معذوری دُور کردی، جو چوکی پہنچتے ہی اپنی ٹانگوں سے چلنے لگا۔
پولیس نے ایک کارروائی کرتے ہوئے معذوری کا بہانہ بنا کر بھیک مانگنے والے جعلی فقیر کو گرفتار کیا، جس کی حقیقت پولیس چوکی پہنچنے پر سامنے آ گئی۔
پولیس کے مطابق ملزم لوگوں سے بھیک مانگنے کے لیے ٹانگیں خراب ہونے کا ڈراما کرتا تھا تاہم چوکی پہنچتے ہی اس کی دونوں ٹانگیں ٹھیک ہو گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق چوکی چلڈرن اسپتال پولیس نے دوران پیٹرولنگ فیروزپور روڈ سے ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم ٹانگیں خراب ہونے کا بہانہ بنا کر لوگوں سے بھیک مانگ رہا تھا۔ پولیس کے مطابق جب ملزم کو چوکی چلڈرن اسپتال منتقل کیا گیا تو وہاں پہنچتے ہی اس کی دونوں ٹانگیں ٹھیک ہو گئیں۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ 6 ماہ سے جعلی فقیر بن کر اس علاقے میں بھیک مانگ رہا تھا۔ گرفتار ملزم کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی ہے جو ضلع بہاولپور کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔