پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکر گزار ہوں، ایرانی وزیر خارجہ کا اردو میں پیغام

ان کے مطابق پاکستان نے مشکل وقت میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کیا ہے


ویب ڈیسک March 16, 2026
فوٹو: فائل

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اردو زبان میں ایک پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی اور صہیونی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے ایران کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی حکومت اور عوام کے اس تعاون اور حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان نے مشکل وقت میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے ساتھ اپنے موقف پر قائم ہے اور ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کو یقین ہے کہ دوست ممالک اور عوام کی حمایت سے موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی بہترین سفارت کاری کی دنیامعترف ہے اور آج ایران نے پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے، پاکستان اپنی متوازن خارجہ پالیسی اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے۔

عالمی ماہرین کے مطابق پاکستان نے بیک وقت عرب ممالک اور ایران کے ساتھ متوازن بات چیت قائم کرکے بہترین سفارت کاری کا عملی مظاہرہ کیا، ایرانی وزیر خارجہ کا بیان پاکستان کی بہترین سفارت کاری  اور خطے میں نمایاں حیثیت کا عکاس ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں بے پناہ پیچیدگیوں کے باوجود ایک انتہائی اہم اور مثبت تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی خطے میں برادر ممالک کے درمیان امن کے لیے کی گئی کاوشیں قابل ستائش ہیں جو جنگ کو محدود کرنے میں انتہائی اہم ہیں۔

مقبول خبریں