راولپنڈی: تھانہ دھمیال کے علاقے ڈھوک امانت میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج
راولپنڈی کے علاقے ڈھوک امانت میں شادی شدہ خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے، پولیس نے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق متاثرہ خاتون نے بیان دیا کہ اس کی پہلی شادی ختم ہونے کے بعد اس نے چار سال قبل میر حمزہ سے شادی کی۔
مدعیہ کے مطابق خاوند کے جاننے والے لڑکے دانش نے گھر آ کر اسے اور اس کے خاوند کو ایک راضی نامے کے بہانے ساتھ لے جانے کو کہا۔
خاتون کے مطابق دانش انہیں سوزوکی پک اپ پر ایک گھر لے گیا جہاں ایک کمرے میں بٹھایا گیا، بعد ازاں دانش، سفیر اور دو نامعلوم مسلح افراد داخل ہوئے اور اس کے خاوند کو دوسرے کمرے میں لے گئے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان دانش، سفیر اور ایک ڈرائیور نے خاتون کے ساتھ زیادتی کی، جبکہ ایک اور ملزم نے بھی زیادتی کی کوشش کی۔ شور مچانے پر ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ شور سن کر ایک ملزم کا والد بھی باہر آیا جبکہ ملزمان جاتے ہوئے خاتون کا موبائل فون بھی ساتھ لے گئے۔
متاثرہ خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے موبائل فون برآمد کیا جائے اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔