نورا فتیحی نے اپنے متنازع گانے سے متعلق جاری تنازع پر خاموشی توڑدی

میری اجازت کے بغیر گانے کا فحش ورژن بنایا گیا، ڈانسر کا ردعمل


ویب ڈیسک March 19, 2026
فوٹو : فائل

بالی ووڈ ڈانسر واداکارہ نورا فتیحی نے اپنے متنازع گانے ’سرکے چنر تیری سرکے‘ پر ہونے والی تنقید کے بعد خاموشی توڑ دی۔ 

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت اور ڈانسر و اداکارہ نورا فتیحی کا نیا گانا ریلیز ہوتے ہی تنازع کا شکار ہوگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں فنکاروں کی آنے والی فلم کے ’ڈی: دی ڈیول‘ کا گانا ’سرکے چُنر تیری سرکے‘ یوٹیوب پر جاری کیا گیا، جس کے بعد اسے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

اداکارہ و ڈانسر نورا فتحی نے اپنے متنازع گانے سے متعلق جاری تنازع پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ اس گانے کا فحش ہندی ورژن ان کی اجازت کے بغیر تیار کیا گیا۔

نورا فتحی نے انکشاف کیا کہ فلم  ’ڈی: دی ڈیول‘ کے اس گانے میں سنجے دت کے ساتھ ان کی اے آئی سے تیار کردہ تصویر بھی بغیر اجازت استعمال کی گئی۔

یہ گانا سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنا، جہاں اس کے بول کو نامناسب اور فحش قرار دیا گیا۔

اس حوالے سے نورا فتحی نے ایک ویڈیو بیان میں وضاحت دی کہ انہوں نے یہ گانا 3 سال قبل کناڈا زبان میں ریکارڈ کروایا تھا اور اس وقت انہیں اس میں کوئی نامناسب بات محسوس نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ سیٹ پر ہدایتکار نے انہیں گانے کا مفہوم سمجھایا تھا، مگر بعد میں بننے والے ہندی ورژن کے بارے میں انہیں کوئی علم نہیں تھا۔

نورا کا کہنا تھا کہ انہوں نے مجھ سے کوئی اجازت نہیں لی، گانے کے پوسٹر کے لیے ان اور سنجے دت کی اے آئی امیج بھی بنائی گئی۔

نورا فتحی کے مطابق جب انہوں نے لانچ کے موقع پر ہندی ورژن دیکھا تو ہدایتکار کو خبردار کیا کہ اس پر تنقید ہوگی، مگر ان کی بات کو نظر انداز کر دیا گیا، اسی وجہ سے انہوں نے اس پراجیکٹ سے خود کو الگ کر لیا اور اس کی تشہیر نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ’میں ہرگز نہیں چاہتی کہ کوئی یہ سمجھے کہ میں اس گانے کی حمایت کرتی ہوں، میں مداحوں کی شکر گزار ہوں کہ ان کے ردعمل کی وجہ سے فلم سازوں کو یہ ویڈیو ہٹانی پڑی‘۔ 

نورا نے واضح کیا کہ وہ اس متنازع گانے کی حمایت نہیں کرتیں اور مداحوں سے اپیل کی کہ وہ اس کلپ کو مزید شیئر نہ کریں تاکہ اسے غیر ضروری توجہ نہ ملے۔

مقبول خبریں