پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید بھی انتظام کیا جا رہا ہے، حکومت

وزیراعظم کی زیرصدارت خطے کی تیزی سےبگڑتی صورتحال کے پیش نظرایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا


ویب ڈیسک March 19, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

اسلام آباد:

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خطے کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس ہوا، جہاں ملکی موجودہ ذخائر، کھپت اور کارگوز  پر بریفنگ دی گئی اوربتایا گیا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے اور مزید بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کے بر وقت عملی اقدامات اور ہدایات جاری کرنے سے ایندھن کے ذخائر کے حوالے سے انتظامات کیے جا سکے، مشرق وسطیٰ اور خطے کی غیر مستحکم صورت حال کے پیش نظر ایندھن کی ترسیل شدید متاثر کے خدشے سے نمٹنے کے لیے آئندہ دنوں میں بچت کے مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ہدایت کی کہ صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے تاکہ ہنگامی صورت حال سے نمٹا جا سکے۔

اجلاس کو کفایت شعاری اور بچت کے اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی اپنانے کے نتیجے میں عوام کو ریلیف مہیا کرنا ممکن ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، انٹیلیجنس بیورو کی جانب سے نگرانی بھی کی جا رہی ہے، اجلاس میں کہا گیا کہ اشرافیہ آگے بڑھ کر ایثار اور قربانی کے جذبے کو اپناتے ہوئے بچت اور کفایت شعاری کی مثال قائم کرے۔

اعلامیے کے مطابق حکومت نے عوام سے پیٹرول اور ڈیزل کی بچت کے اقدامات اپنانے کی بھی اپیل کی تاکہ آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی متاثر ہونے کے خطرے سے بچا جا سکے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہو گا اور بدلتے حالات کے مطابق طرز عمل اپنانا ہو گا، پیٹرول بچانے کے لیے کار پولنگ اپنائی جائے، نقل و حرکت اجتماعی طور پر کی جائے اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے اور تیل بچانے کے لیے آمد و رفت کو محدود رکھا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں جبکہ اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام صورت حال کی نگرانی کی جارہی ہے، اور پیٹرولیم مصنوعات کا ریکارڈ رکھا جارہا ہے تاکہ کسی قسم کی بے قاعدگی کی فوری  نشان دہی ہوسکے اور سدباب کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

مقبول خبریں