لوٹ مار سے تنگ عوام نے اپنی ہی عدالت لگالی، ایک ڈاکو مار ڈالا

پولیس نے زخمی ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، پرس اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے


منور خان March 19, 2026
فوٹو: ایکسپریس نیوز

کراچی:

لیاقت آباد کے علاقے 6 نمبر میں لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا جس میں سے ایک ہلاک ہوگیا ہے۔

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر سخت جدوجہد کے بعد دونوں ڈاکوؤں کو عوام کے چنگل سے چھڑا کر تشویش ناک حالت میں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔

لیاقت آباد پولیس کے مطابق تشدد کا نشانہ بنائے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت 35 سالہ نوشاد اور 30 سالہ عبدالقدیر کے نام سے کی گئی جبکہ ان کے قبضے سے پولیس نے اسلحہ، موبائل فونز، پرس اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ہے۔

ہلاک ڈاکو کی شناخت 35 سالہ نوشاد کے نام سے کی گئی جبکہ اس کے ساتھی شدید زخمی 30 سالہ عبدالقدیر کی بھی حالت تشویشناک ہے جسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔

پولیس نے بتایا کہ پکڑے جانے والے ڈاکوؤں کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے جبکہ دونوں ڈاکوؤں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے تاہم اس حوالے سے پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

مقبول خبریں