جمعتہ الوداع، سندھ بھر میں ہائی الرٹ، سیکیورٹی فول پروف بنانے کی ہدایت

علمائے کرام اپنے خطبات میں رواداری، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کریں، صوبائی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک March 19, 2026
پارا چنار میں حالات خراب ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ کراچی بند کردیا جائے، شہر کب سے بند ہے اور ہم پر شدید تنقید ہورہی ہے، وزیر داخلہ سندھ

کراچی:

صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے جمعتہ الوداع کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں اور بڑے اجتماعات کی سیکیورٹی کو ہر صورت فول پروف بنایا جائے۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی کہ نمازِ جمعہ کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے اور اضافی نفری کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

وزیر داخلہ نے خاص طور پر حساس اضلاع میں خصوصی سیکیورٹی پلان نافذ کرنے، داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کرنے اور مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت دی کہ شہریوں کی سہولت کے لیے جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے تاکہ آمد و رفت میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ہو اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

ضیاء الحسن لنجار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مشکوک افراد یا اشیاء کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن پر دیں، کیونکہ شہریوں کا تعاون سیکیورٹی کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے جمعتہ الوداع کے تقدس کے پیش نظر علماء کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات میں رواداری، امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

مقبول خبریں