ایران کا امریکا کے جنگی طیارے ایف 35 کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، حملے کی ویڈیو بھی وائرل

ایف 35 اسٹیلتھ طیارہ ففتھ جنریشن کا جدید ترین جہاز ہے جس کی مالیت 100 ملین ڈالر سے زائد ہے


ویب ڈیسک March 20, 2026

پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایک کارروائی کے نتیجے میں امریکی جدید جنگی طیارہ ایف 35 متاثر ہوا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک ایف 35 اسٹیلتھ طیارے کو مبینہ طور پر فائرنگ کا سامنا کرنے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں قائم امریکی فضائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طیارہ ایک جنگی مشن پر تھا جب اسے اچانک تکنیکی یا حملے سے متعلق صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

سینٹ کام کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے تصدیق کی کہ ففتھ جنریشن کا یہ طیارہ محفوظ طریقے سے لینڈ کر گیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاہم انہوں نے کسی بڑے نقصان کی تصدیق نہیں کی۔

دوسری جانب ایرانی موقف اس سے کہیں زیادہ جارحانہ ہے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے رات تقریباً 2 بج کر 50 منٹ پر طیارے کو نشانہ بنایا اور امکان ظاہر کیا کہ طیارہ شدید نقصان کا شکار ہوا۔

ایرانی حکام کے مطابق یہ کارروائی ان کے ایئر ڈیفنس سسٹم کی بہتر صلاحیتوں کا ثبوت ہے، اور وہ اس سے قبل بھی متعدد ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کر چکے ہیں۔

ایرانی میڈیا پر جاری ویڈیوز میں ایئر ڈیفنس یونٹس کو ایک طیارے کو نشانہ بناتے دکھایا گیا ہے تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ امریکی فضائی بیڑے میں شامل ایف 35 اسٹیلتھ طیارہ ففتھ جنریشن کا جدید ترین جہاز ہے جس کی مالیت 100 ملین ڈالر سے زائد ہے۔

مقبول خبریں