راولپنڈی؛ حساس مقامات اور اہم عمارتوں پر اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے پر غور

چینی ماہرین کی رہائش گاہوں، کام کے مقامات اور آمدورفت کے راستوں پر سیکیورٹی کو انتہائی سخت بنایا جائے گا، حکام


صالح مغل March 20, 2026

راولپنڈی:

وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر راولپنڈی میں حساس مقامات اور اہم عمارتوں پر اینٹی ڈرون سسٹم نصب کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آر پی او خالد ہمدانی کی سربراہی میں ریجنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چینی منصوبوں، حساس سرکاری عمارتوں اور تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لیے جدید اینٹی ڈرون سسٹم اور گنز نصب کرنے کی تجاویز پیش کی گئیں۔

اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن ملک طارق، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ناصر علی اور دیگر افسران نے شرکت کی، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی ماہرین کی رہائش گاہوں، ان کے کام کرنے کے مقامات اور آمدورفت کے راستوں پر سیکیورٹی کو انتہائی سخت اور محفوظ بنایا جائے گا۔

آر پی او خالد ہمدانی نے اسپیشل برانچ کو تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز، ان کے عملے اور پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کا مکمل اور بلا تفریق آڈٹ کرنے کا حکم دیا، جس میں بتایا گیا کہ  سیکیورٹی گارڈز کی تصدیق لازمی ہوگی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو بروقت روکا جا سکے۔

اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا گیا کہ وہ سیکیورٹی خدشات کی نشاندہی اور معلومات کے تبادلے کو اپنی اجتماعی ذمہ داری سمجھیں۔ اسپیشل برانچ کو ممکنہ خطرات کم کرنے کے لیے جامع سروے کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے تاکہ سیکیورٹی یقینی بنائی جاسکے۔

مقبول خبریں