بھارت کا مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے پر تشویش ہے، صدرِ مملکت

بھارت سے سندھ طاس معاہدے پر مکمل عمل درآمد بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، آصف زرداری


ویب ڈیسک March 22, 2026

اسلام آباد:

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت کا مشترکہ آبی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنے پر تشویش ہے۔

عالمی یومِ آب کے موقع پر پیغام صدر مملکت کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی پر مذمت کا اعادہ کرتے ہیں، ہائیڈرولوجیکل ڈیٹا شیئرنگ میں خلل پر تحفظات ہیں۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ خطے میں پانی کی منصفانہ تقسیم کا ضامن ہے، بھارت سے معاہدے پر مکمل عمل درآمد بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ عالمی یومِ آب، رواں برس، ’’پانی اور صنف‘‘ کے موضوع کی جانب توجہ مبذول کرواتا ہے، صاف پانی کی عدم دستیابی کا بوجھ خواتین اور لڑکیوں پر زیادہ ہے۔ پاکستان کے کئی علاقوں میں عوام غیر محفوظ آبی ذرائع پر انحصار کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانی کے حصول میں خواتین کا قیمتی وقت ضائع ہو رہا ہے، صاف پانی اور نکاسیِ آب تک رسائی بنیادی حق ہے۔ پانی کی محفوظ فراہمی کو قومی ترجیح ہونا چاہیئے، آبی وسائل کے مؤثر انتظام اور سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے اقدامات کی اہمیت اجاگر کی جائے۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ عوامی سطح پر چھوٹے اقدامات سے بڑے نتائج ممکن ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی اور آبادی میں اضافہ، آبی وسائل پر دباؤ ہے، پانی کے استعمال میں احتیاط کی ضرورت ہے۔

مقبول خبریں