کولمبین فضائیہ کا ہرکولیس طیارہ حادثے کا شکار، 8 فوجی ہلاک، درجنوں زخمی

فوجی طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ ہو گیا


ویب ڈیسک March 24, 2026

جنوبی امریکہ کے ملک کولمبیا میں ایک بڑا فضائی حادثہ پیش آیا ہے جہاں کولمبین فضائیہ کا ایک فوجی طیارہ اڑان بھرتے ہی گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 8 فوجی ہلاک ہو گئے۔

حکام کے مطابق یہ حادثہ پیر کی صبح پورٹو لیگیزامو کے علاقے میں پیش آیا جہاں ہرکولیس طیارہ معمول کی پرواز کیلئے روانہ ہو رہا تھا کہ اچانک حادثے کا شکار ہو گیا۔

کولمبیا کے وزیر دفاع پیڈرو سانچیز نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں فوج کے دو پلاٹون سوار تھے، جس کے باعث مسافروں کی تعداد 60 سے 100 کے درمیان بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق 77 افراد کو زخمی حالت میں زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

فوجی حکام کے مطابق حادثے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر زخمیوں کو نکالنے اور طبی امداد فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔

وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ایک افسوسناک حادثہ ہے اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا جاتا ہے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تصدیق شدہ معلومات کے بغیر قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ فضائیہ اور دفاعی ادارے مکمل الرٹ ہو کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

مقبول خبریں