گزشتہ روز تاریخ ساز کمی کے بعد سونے کی قیمت میں آج بڑا اضافہ ریکارڈ

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 163ڈالر کے اضافے سے 4ہزار 413ڈالر کی سطح پر آگئی 


اسٹاف رپورٹر March 24, 2026

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں 4روزہ وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہوگیا۔ 

ایران کی تابڑ توڑ جوابی کارروائیوں کے باعث ٹرمپ کی پانچ روزہ جنگ بندی کے اعلان سے عالمی کموڈٹیز اور بلین مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی ڈیمانڈ بڑھنے کے باعث 4روزہ وقفے کے بعد سونے اور چاندی کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کا رحجان غالب ہوگیا ہے۔ 

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یکدم 163ڈالر کی بڑی نوعیت کے اضافے سے 4ہزار 413ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی منگل کو فی تولہ سونے کی قیمت 16 ہزار 300 روپے کی بڑی نوعیت کے اضافے سے 4 لاکھ 64 ہزار 062 روپے کی سطح پر آگئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی 13ہزار 975روپے کے اضافے سے 3لاکھ 97ہزار 858 روپے کی سطح پر آگئی۔

اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 5ڈالر 7سینٹس کے اضافے سے 69 ڈالر 80 سینٹس کی سطح پر آنے سے مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ چاندی کی قیمت 570 روپے کے اضافے سے 7ہزار 454روپے ہوگئی اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی 489روپے کے اضافے سے 6ہزار 390روپے کی سطح پر آگئی۔

گزشتہ روز عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید نمایاں کمی واقع ہوئی تھی،  بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت یک دم 436ڈالر کی کمی سے 4ہزار 250ڈالر کی سطح پر آگئی تھی۔

اس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر مرتب ہوئے تھے جس کے بعد ملکی سطح پر فی تولہ سونے کی قیمت 43ہزار 600روپے کی تاریخی کمی سے 4لاکھ 47ہزار 762 روپے کی سطح پر آگئی تھی، یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کمی تھی۔

 

مقبول خبریں