پاکستانی فلم ’بلھا‘ 2 دن میں 2 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب

تمام ناظرین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے فلم دیکھی اور اسے سراہا، شان شاہد


ویب ڈیسک March 24, 2026

نامور پاکستانی اداکار شان شاہد کی فلم ’بلھا‘ نے 2 دن میں 2 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے۔ 

لیجنڈری اداکار شان شاہد کی فلم ’بلھا‘ نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی ہے اور اسے عید کی سب سے بڑی فلم قرار دیا جا رہا ہے۔

عید کی تعطیلات کے دوران سنیما گھروں میں شائقین کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا جب کہ صرف پہلے دن 25 ہزار سے زائد افراد نے فلم دیکھی۔

ایکشن، تھرل اور ایڈونچر سے بھرپور پاکستانی فلم بلھا نے 2 دن میں تقریباً 2 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد کمالیے ہیں۔ 

مداحوں کے مطابق طویل عرصے بعد انہیں ایک معیاری پنجابی فلم دیکھنے کو ملی ہے، جس میں ایکشن، تھرل، رومانس اور میوزک کا بہترین امتزاج موجود ہے۔

دوسری جانب، بین الاقوامی سطح پر بھی، خاص طور پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں فلم کو اچھی پذیرائی ملی ہے۔

ایک خصوصی انٹرویو میں شان شاہد نے شاندار ردعمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام ناظرین کے شکر گزار ہیں جنہوں نے فلم دیکھی اور اسے سراہا۔

یاد رہے کہ فلم ’بلھا‘ عیدالفطر 2026 پر ریلیز ہوئی ہے جس کے ذریعے شان شاہد سلور اسکرین پر واپسی کر رہے ہیں، اس فلم میں وہ ایک ایسے کردار میں نظر آئیں گے جو مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے جدوجہد کرتا ہے۔ 

فلم کی کہانی معروف رائٹر ناصر ادیب نے لکھی ہے، جنہوں نے اس سے قبل بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ تحریر کی تھی جب کہ فلم کی ہدایت کاری شعیب خان نے دی ہے۔ 

مقبول خبریں