مذاکرات میں بعض امور پر خاموشی ضروری ہوتی ہے، میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز کرے، دفتر خارجہ

ذرائع ابلاغ فیصلوں یا نتائج سے متعلق سرکاری اعلانات کا انتظار کرے، ترجمان


ویب ڈیسک March 24, 2026

اسلام آباد:

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سفارت کاری اور مذاکرات میں بعض امور کو خاموشی سے آگے بڑھانا ضروری ہوتا ہے لہٰذا میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز کرے اور فیصلوں کا انتظار کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سفارت کاری اور مذاکرات کے عمل میں بعض امور کو صوابدید اور خاموشی کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہوتا ہے لہٰذا ذرائع ابلاغ سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور فیصلوں اور نتائج سے متعلق سرکاری اعلانات کا انتظار کرے۔

ذارئع کے مطابق پاکستان نے ایران امریکا جنگ میں ثالثی کا کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے اور اس کا کردار مرکزی ہے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم شہبازشریف کا ایرانی صدر سے رابطہ ہوا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اتوار کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی، صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ "بہت اچھی اور نتیجہ خیز بات چیت" کا دعوی کرتے ہوئے پاور پلانٹس پر حملہ مئوخر کیا۔

پاکستانی قیادت نے ایرانی صدر کو یقین دلایا کہ پاکستان امن کی بحالی میں تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، وہ وائٹ ہاوٴس کے سینئر عہدے دار اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کیساتھ رابطے میں ہیں۔

پاکستان نے اسلام آباد کو ٹرمپ انتظامیہ اور ایرانی عہدے داروں کی ملاقات کے لیے ممکنہ مقام کے طور پر تجویز کیا، پاکستان خطے کے ان چند ممالک میں سے ہے جہاں امریکی اڈے موجود نہیں، پاکستان کو ایران اور امریکا کے درمیان غیرجانب دار ثالث کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مقبول خبریں