آئی پی ایل فرنچائز نے ریپ الزامات میں گھرے اہم بھارتی کھلاڑی کو ٹیم سے نکال دیا

بھارتی کرکٹر اس وقت دو مختلف فوجداری مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں جن میں سنگین نوعیت کے الزامات شامل ہیں


اسپورٹس ڈیسک March 25, 2026

آئی پی ایل 2026 سے قبل بھارتی کرکٹر یش دیال کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور کے ڈائریکٹر آف کرکٹ مو بوبٹ نے تصدیق کی ہے کہ دیال ذاتی مسائل کے باعث پورے سیزن میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

پریس کانفرنس کے دوران بوبٹ نے بتایا کہ یش دیال سے بات چیت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ حالات میں ان کا اسکواڈ میں شامل نہ ہونا ہی بہتر ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیل بتانے سے گریز کیا۔

آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ کی انجری کے بعد اب یش دیال کی غیر موجودگی نے رائل چیلنجرز بنگلور کے فاسٹ بولنگ اٹیک کو مزید کمزور کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ یش دیال جون 2025 میں انڈین پریمیئر لیگ کے فائنل کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیل سکے اور ان پر سنگین قانونی الزامات بھی عائد ہیں۔

یش دیال اس وقت دو مختلف فوجداری مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں جن میں سنگین نوعیت کے الزامات شامل ہیں۔

پہلا مقدمہ جولائی 2025 میں غازی آباد میں درج کیا گیا، جہاں ایک خاتون نے الزام عائد کیا کہ طویل عرصے کے تعلق کے دوران شادی کا جھانسہ دے کر ان کا جسمانی اور ذہنی استحصال کیا گیا۔

بعد ازاں دوسرا کیس جے پور میں درج ہوا، جس میں ایک کم عمر لڑکی نے الزام لگایا کہ 2023 سے لے کر اب تک متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جس میں 2025 کے آئی پی ایل سیزن کے دوران پیش آنے والا ایک واقعہ بھی شامل ہے۔

مقبول خبریں