وزیر توانائی نے نیشنل گرڈ کمپنی کی مقامی صنعت سے متعلق پالیسی کو بڑی کامیابی قرار دے دیا

اس کے تحت پاکستانی صنعتوں کو 12.673 ارب روپے کے معاہدے دیے گئے ہیں، اویس لغاری


ویب ڈیسک March 25, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی) کی مقامی صنعت کے فروغ سے متعلق پالیسی کو ایک اہم کامیابی قرار دے دیا۔

اپنے ایل بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کے تحت پاکستانی صنعتوں کو 12.673 ارب روپے کے معاہدے دیے گئے ہیں، جبکہ مقامی سطح پر تیار کردہ کنڈکٹرز کے استعمال کے باعث درآمدی انحصار میں کمی کے ساتھ لاگت میں تقریباً 40 فیصد تک کی مؤثر بچت ممکن ہوئی۔

وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ یہ ٹھوس نتائج حکومت کی ان اصلاحات کا عکاس ہیں جن کا مقصد مقامی پیداوار کو فروغ دینا، درآمدات پر انحصار کم کرنا اور معیشت کے لیے فوائد فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے ذریعے مقامی صنعتوں کو ایجوکیشنل آرڈرز، بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں اور مقامی ذیلی اداروں کے قیام کے ذریعے بااختیار بنایا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر کی قیادت میں اب تک 900 ملین روپے مالیت کے 9 ایجوکیشنل آرڈرز جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 11 مقامی کمپنیوں کو استعداد کار میں اضافے کے لیے رجسٹر کیا گیا ہے، جس سے ملک کی صنعتی بنیاد مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پالیسی کے اثرات محض لاگت میں کمی تک محدود نہیں بلکہ یہ زرمبادلہ کے تحفظ کے ذریعے مجموعی معاشی استحکام میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ مقامی سطح پر تیار کردہ مواد کی بروقت فراہمی سے منصوبوں کی جلد تکمیل ممکن ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں ٹرانسمیشن انفرا اسٹرکچر کی ترقی میں تیزی آ رہی ہے۔

آئندہ کے لائحہ عمل پر روشنی ڈالتے ہوئے سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ مقامی پیداوار کا فروغ برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے، خصوصاً اسٹیل، کیبل اور کنڈکٹر کے شعبوں میں جہاں مقامی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاور ڈویژن صنعتی خود کفالت اور پائیدار معاشی استحکام کے فروغ کے لیے ایسی پالیسیوں کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گا۔

مقبول خبریں