سبسڈی کوٹے کے مطابق موٹر سائیکلوں اور رکشوں کو پیٹرول فراہمی کے لیے ایپ تیار

 اقدام کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کو یقینی بنانا اور تیل کی کھپت کو کم کرنا ہے


ویب ڈیسک March 25, 2026

حکومت نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی گاڑیوں کے لیے ایندھن فراہمی کے لیے موبائل ایپلیکیشن پر مبنی کوٹہ سسٹم کو حتمی شکل دے دی جب کہ  اقدام کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کو یقینی بنانا اور تیل کی کھپت کو کم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سینئر سرکاری اہلکار نے بتایا کہ ایندھن کی فراہمی کے نظام کی تفصیلات کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)،  وزارت خزانہ، پیٹرولیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام نے جانچنے کے بعد حتمی شکل دے دی ہے۔

اس ورکنگ کی بنیاد پر حکومت اب اس بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی کہ  اس اسکیم کو چھوٹی کاروں تک بڑھایا جائے یا اسے دو اور تین پہیوں تک محدود رکھا جائے۔

حکومتی منصوبے میں "کوٹہ پر مبنی ایندھن کی فراہمی کا نظام" شامل ہے جو موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے چلایا جائے گا۔

سینئر عہدیدار نے کہا کہ ریٹیل آپریٹرز کے لیے مفت، پہلے سے انسٹال کردہ ایپ فراہم کی جائے گی، صارفین علیحدہ ایپلی کیشن استعمال کریں گے، حکومت سسٹم کو چلانے کے لیے فی ریٹیل آؤٹ لیٹ میں کم از کم دو موبائل فون لازمی قرار دے گی۔

کوٹہ کے طریقہ کار اور واؤچرز کے بارے میں بات کرتے ہوئے عہدیدارنے کہا کہ گاڑیوں کا کوٹہ صارف کی ایپ سے رجسٹریشن نمبر اور ان کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ  کے ذریعے منسلک کیا جائے گا، تاہم، کوٹہ کی حد کا حتمی فیصلہ متعلقہ کابینہ کمیٹی کرے گی۔

صارفین ایپ کے ذریعے  ڈیجیٹل واؤچر تیار کریں گے، جبکہ ریٹیل فروش واؤچر کو اسکین کریں گے یا داخل کریں گے جس سے سسٹم دستیاب کوٹے کی خود بخود توثیق کرے گا۔ مثال کے طور پر  کوئی صارف 20 لیٹر طلب کرتا ہے لیکن اس کا کوٹہ 15 لیٹر ہے، تو صرف 15 لیٹر فراہم کیا جائے گا، حکام نے کہا کہ طریقہ کار رمضان پیکیج ماڈل جیسا ہوگا۔

حکومت 2 اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے سبسڈی فراہم کرے گی، پیٹرول پمپس کو ان گاڑیوں کے لیے مخصوص ڈسپنسر یا نوزلز وقف کرنے کی ضرورت ہوگی تاکہ سبسڈی والے ایندھن کی تقسیم کو آسان بنایا جاسکے۔

رپورٹ کے مطابق یہ اہم فیصلہ ابھی زیر التوا ہے کہ  سبسڈی کو فور وہیلر تک بڑھایا جائے یا نہیں، عہدیدار نے کہا کہ حکومت 2020 کے بحران سے بچنے کے لیے ریٹیل فروخت کرنے والوں کو لائسنس کے مسائل اور قیمتوں میں اضافے سے بچانے کے لیے بروقت قیمتوں کے تعین کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔

تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اسکیم کے بغیر کسی رکاوٹ کے آپریشنز کے لیے ہر ریٹیل سائٹ کے لیے فوکل پرسنز کا تقرر کرنے اور صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے اسکیم کی 24 گھنٹے نگرانی کے لیے اوگرا کو اپنے رابطے کی تفصیلات فراہم کرنے کی بھی ضرورت ہوگی، فوکل پرسنز کی تفصیلات بشمول ان کا نام، موبائل فون نمبر اور CNIC بھی اوگرا کو دستیاب ہوں گی۔

حکام نے کہا کہ حکومت کو ایندھن کی سپلائی چین کے حوالے سے نازک حالات کا سامنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات اور بھاری زرمبادلہ کی ضروریات کے باوجود طلب میں کمی نہیں آئی، جبکہ اضافی مالیاتی بوجھ فی الحال ترقیاتی پروگرام میں کٹوتیوں اور بجٹ میں خصوصی ہنگامی بنیادوں پر مختص کرنے سے پورا کیا جا رہا ہے، اب تک دو ہفتوں کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کی لاگت کا تخمینہ 70 ارب روپے لگایا گیا ہے۔

مشرق وسطیٰ کی جاری جنگ اور آبنائے ہرمز میں جہازوں کے پھنسنے کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

 

مقبول خبریں