عازمین حج کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ وزارت مذہبی امور نےحج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق پاکستان سے پہلی عازمین حج کی پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی، جس کے بعد سرکاری حج اسکیم کے تحت 468 پروازوں کے ذریعے 1 لاکھ 19 ہزار عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق 18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے پروازیں روانہ ہوں گی، سرکاری اسکیم کے تحت 67 ہزار 230 مرد جبکہ 51 ہزار 846 خواتین عازمین حجاز مقدس جائیں گی۔
حج آپریشن کے پہلے روز عازمین کو چار پروازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا، اس کے بعد 4 مئی کو جدہ کیلیے پروازوں کا آغاز ہوگا۔
مدینہ منورہ کے لیے پہلی لانگ حج پرواز سات مئی کو روانہ ہوگی جبکہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن 34 روز جاری رہے گا، حج پروازوں کے آغاز پر پہلے 15 روز عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا جبکہ مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق حج آپریشن میں پی آئی اے، ائیر بلیو،ایئر سیال اور سعودی فضائی کمپنی حج آپریشن میں حصہ لیں گی اور پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق اسلام آباد سے 129،کراچی 124 اور لاہور سے 104، کوئٹہ سے 18 ،ملتان سے 34 اور سیالکوٹ سے 26 حج پرواز روانہ ہوں گی۔
اس کے علاوہ فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے پانچ حج پروازیں عازمین کو سعودی عرب لے کر جائیں گی۔