سانحہ گل پلازہ: کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میونسپل کمشنر جوڈیشل کمیشن کے روبرو پیش

گل پلازہ کی لیز کی تجدید کے معاملے پر صوبائی حکومت سے مشاورت کا کوئی دستاویزی ریکارڈ موجود نہیں، جواب میں مؤقف


ویب ڈیسک March 26, 2026

سانحہ گل پلازہ سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے روبرو کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میونسپل کمشنر نے جواب جمع کرا دیا۔

جواب میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گل پلازہ کی لیز کی تجدید کے معاملے پر صوبائی حکومت سے مشاورت کا کوئی دستاویزی ریکارڈ موجود نہیں، اس حوالے سے ڈائریکٹر لینڈ کے ذریعے ریکارڈ کی جانچ پڑتال بھی کروائی گئی مگر کسی تحریری مشاورت کا ثبوت نہیں ملا۔

میونسپل کمشنر کے مطابق سندھ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 1979 کی دفعہ 45(5) کے تحت بھی کسی مشاورت کا تحریری ثبوت موجود نہیں۔ جواب میں بتایا گیا کہ 1936 میں کراچی میونسپلٹی نے ایسٹ انڈیا ٹرام ویز کمپنی لمیٹڈ کو گل پلازہ کی زمین 99 سالہ لیز پر دی تھی، جبکہ پیپلز لوکل کونسل لینڈ رولز 1975 کے تحت پرانی لیزز اپنی اصل شرائط پر برقرار رہتی ہیں۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ قانونی طریقہ کار کے مطابق لیز میں مزید 99 سال تک توسیع دی جاسکتی ہے اور اس تجدید کو نئی الاٹمنٹ یا نئی گرانٹ نہیں بلکہ پہلے سے موجود لیز کے تسلسل کے طور پر انجام دیا گیا۔ میونسپل کمشنر کے مطابق لیز کی تجدید پر خصوصی قواعد کا اطلاق ہوتا ہے جس کیلئے صوبائی حکومت سے الگ سے مشاورت ضروری نہیں تھی۔