پی ٹی آئی والے کہتے ہیں جتنی دیر بانی جیل میں رہیں گے اتنا انکے مزے ہیں، گورنر کے پی

13 سالوں میں خیبر پختونخوا میں ایک اسپتال نہیں جہاں بانی کا علاج ہو سکے؟ فیصل کریم کنڈی


ویب ڈیسک March 26, 2026
فوٹو فائل

پشاور:

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ لگتا ہے پی ٹی آئی خود چاہتی ہے کہ بانی جیل میں رہیں، پی ٹی آئی والے کہتے ہیں جتنی دیر بانی جیل میں رہیں گے اتنا انکے مزے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو میں گورنر کے پی نے کہا کہ بانی کو ان پر اتنا یقین نہیں کہ وہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کر سکیں، کفن باندھنے والی فورس لگتا ہے غائب ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد سہیل آفریدی غائب ہوگئے، چیف منسٹر اور وزیر اعظم کی امن و امان کے لیے کوارڈینیشن ہونی چاہیئے، ہم امن کے معاملے پر سہیل آفریدی کے ساتھ ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 13 سالوں میں خیبر پختونخوا میں ایک اسپتال نہیں جہاں بانی کا علاج ہو سکے؟ بانی کا علاج آج بھی اسلام آباد کے اسپتال میں ہو رہا ہے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ آج سپر پاورز بھی پاکستان پر ٹرسٹ کر رہی ہیں، فیلڈ مارشل کا کردار دنیا بھر میں مانا جا رہا ہے اور بہترین سفارتکاری سے پورے خطے میں پاکستان کا تاثر بہتر ہوا ہے، امن کے لیے کوششیں رنگ لائیں گیں۔

انہوں ںے کہا کہ افغانستان میں طالبان حکومت نے جو وعدے کیے پورے نہیں کیے، پاکستان کو افغانستان میں جہاں دہشت گردوں کے ٹھکانے ملیں گیں وہاں اسٹرائیک ہوں گی۔ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی میں افغان دہشت گردوں کے ملوث ہونے کے ثبوت ملے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ افغانستان کی دہشت گردی کے شواہد قطر، ترکیہ اور دیگر ہمسایہ ممالک کو دیے۔ دوحہ طالبان مذاکرات سے بھی افغان حکومت پیچھے ہٹ گئی۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ طورخم بارڈر صرف افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے کھول رہے ہیں، باقاعدہ طور پر طورخم بارڈر کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا۔