تہران میں پاکستانی سفارتخانے کے قریب بمباری، سفیر اور عملہ محفوظ

کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستانی سفارتی عملہ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے


ویب ڈیسک March 27, 2026

ایران کے دارالحکومت تہران میں پاکستانی سفارتخانے اور سفیر کی رہائشگاہ کے قریب شدید بمباری کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم تمام پاکستانی سفارتی عملہ محفوظ رہا ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بمباری کا سلسلہ رات تقریباً 8 بجے شروع ہوا، جس کے دوران سفارتخانے کے اطراف میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتخانے کے سامنے ایرانی فوج کا مرکز ’ارتش‘ واقع ہے، جو ممکنہ طور پر حملے کا ہدف تھا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے سفیر مدثر ٹیپو تہران میں پاسداران کے زیر انتظام علاقے میں مقیم ہیں، جہاں بھی بمباری کی گئی۔ تاہم خوش قسمتی سے سفارتخانے یا سفیر کی رہائشگاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ذرائع کے مطابق سفیر مدثر ٹیپو تقریباً بیس رکنی سفارتی عملے کے ہمراہ معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

ایک سینئر سفارتکار نے بتایا کہ دھماکوں کی آوازیں انتہائی شدید تھیں جس سے عملہ پریشان ضرور ہوا، لیکن تمام اہلکار محفوظ ہیں۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ کشیدہ صورتحال کے باوجود پاکستانی سفارتی عملہ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے اور حالات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔